-Advertisement-

بروقت فیصلوں سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ٹل گیا: عطا تارڑ

تازہ ترین

عالمی یومِ آب: بلاول بھٹو زرداری کا آبی وسائل کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات پر زور

عالمی یومِ آب کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آبی وسائل کے تحفظ...
-Advertisement-

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بروقت فیصلے کرتے ہوئے ملک میں تیل کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے۔ ہفتے کے روز لاہور میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر وزارت پیٹرولیم نے دن رات محنت کی جس کے نتیجے میں ملک میں ایندھن کی قلت پیدا نہیں ہوئی۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ خطے کے دیگر ممالک ایندھن کی راشننگ پر مجبور ہیں تاہم اللہ کے فضل سے وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی نے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کیے جس سے ملکی ذخائر کو تسلی بخش سطح پر برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل کے لیے بھی تیل کی درآمد کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ وسائل کی عدم قلت کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ انہیں ضائع کیا جائے کیونکہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں 70 ڈالر سے بڑھ کر 158 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑ رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ابتدائی 55 روپے اضافے کے بعد عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالنے کے لیے بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق تمام وزارتوں میں اخراجات کم کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کے دوران دو سے تین گنا بڑھ چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خلیجی منڈی میں تیل کی قیمت جو کچھ عرصہ قبل 70 ڈالر فی بیرل تھی وہ جمعہ تک 160 ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے مجبوری کے تحت قیمتوں میں معمولی اضافہ منتقل کرنے کا مشکل فیصلہ کیا۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -