-Advertisement-

عوامی مسائل کا حل صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی

تازہ ترین

مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ انسانیت کے لیے ایک شرمناک عمل ہے: پوپ لیو

ویٹیکن سٹی میں پوپ لیو نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور انسانی...
-Advertisement-

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید کے دوسرے روز اپر ڈیرہ بگٹی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

پاکستان ہاؤس میں منعقدہ اس کھلی کچہری میں کوہلو، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور شہریوں نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے روایتی انداز میں عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو بغور سنا۔

پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس کچہری کے دوران میر سرفراز بگٹی نے شہریوں سے براہ راست بات چیت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات پر بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی مسائل کا حل صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے کل رقبے کے 46 فیصد حصے پر پھیلے ہوئے اس وسیع و عریض صوبے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم حکومت اس پر قابو پانے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت انفراسٹرکچر کی ترقی اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور دستیاب وسائل کو عوامی فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قابل عمل فلاحی اقدامات کو آئندہ بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل کا ایک ایک روپیہ عوام کی امانت ہے اور وہ خود منصوبوں کی منصوبہ بندی سے تکمیل تک نگرانی کریں گے۔ تقریب میں شریک قبائلی عمائدین اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے صوبے میں ترقیاتی مسائل کے حل کے لیے ان کے اقدامات پر اظہار تشکر کیا۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -