نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ملک بھر میں موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات جنوری میں جاری کردہ پیشگوئی کے عین مطابق ہیں، جو قدرتی آفات سے قبل چھ ماہ کی ایڈوانس وارننگ دینے کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ این ای او سی دیگر ممالک میں موسمی خطرات کی بھی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ بروقت انتباہ جاری کیا جا سکے۔
موسمیاتی الرٹ کے تحت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث گلیشیئرز پگھلنے اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، مری، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، ملتان اور اوکاڑہ میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، چترال اور بنوں کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، مظفرآباد اور وادی نیلم کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، سبی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اور سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد، بدین اور تھرپارکر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، کوہاٹ اور مالاکنڈ کے پہاڑی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تازہ ترین موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔
