محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ منگل کے روز کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بارش برسانے والے بادلوں کا رخ بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، زیارت، چمن اور پشین سمیت گردونواح کے علاقوں کی جانب متوقع ہے۔
ژوب، سبی، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی اور ملحقہ اضلاع میں ژالہ باری کے ساتھ موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے مقامی آبادی کو خبردار کیا ہے کہ وہ ممکنہ سیلابی صورتحال اور طوفانی اثرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
صوبے کے بڑے شہروں میں آج متوقع درجہ حرارت کچھ یوں رہے گا۔ کوئٹہ میں 23، قلات میں 21، زیارت میں 16، ژوب میں 18، سبی میں 30، تربت میں 33، نوکنڈی میں 32، چمن میں 16، گوادر میں 29 اور جیونی میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
