پاکستان بحریہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے مابین مشترکہ بحری مشقیں سی گارڈین اختتام پذیر ہو گئیں۔ ان مشقوں کا بنیادی مقصد بحری تعاون کو فروغ دینا اور آپریشنل ہم آہنگی کو بہتر بنانا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کا سلسلہ پچیس مارچ سے یکم اپریل تک جاری رہا۔ اس دوران کراچی میں پانچ روزہ پورٹ فیز مکمل کیا گیا جس کے بعد شمالی بحیرہ عرب میں دو روزہ سی فیز کا انعقاد کیا گیا۔
پورٹ فیز کے دوران پی این ایس تیمور پر چینی بحری جہاز کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس مرحلے میں نیول تنصیبات کے دورے، پیشہ ورانہ تبادلہ خیال اور نوجوان افسران کے لیے سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔
پورٹ وزٹ کے اختتام پر دونوں ممالک کی بحری افواج نے سمندر میں مشترکہ مشقیں کیں۔ سی فیز کے دوران آبدوز کے ساتھ آپریشنز اور لائیو گنری کی مشقیں شامل تھیں۔
دونوں بحری افواج نے بحیرہ عرب میں مشترکہ گشت بھی کیا جس کا مقصد خطے میں بحری تحفظ اور استحکام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔
