پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے اتوار کے روز مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت اقلیتوں کے جان و مال، عزت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کی خدمات کو ملکی معاشرتی نظام کا لازمی حصہ قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے مذہبی، معاشی اور تعلیمی حقوق کے تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ عالمی کشیدگی کے تناظر میں تمام مذاہب کی جانب سے امن، رواداری اور بھائی چارے کی تعلیمات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بھی اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری اور ان کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایسٹر کو محبت، امید اور امن کا عالمی پیغام قرار دیتے ہوئے قومی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں امن پسند اور محب وطن شہری قرار دیا۔ انہوں نے تحریک پاکستان اور ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق حاصل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے لیے گرانٹ اور ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور مائنارٹی کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔ اس نئے پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر دس ہزار پانچ سو روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
