-Advertisement-

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا وفد امن مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ گیا

تازہ ترین

اسلام آباد مذاکرات: پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان تعمیری رابطوں کی امید

اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے اہم مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے جس میں...
-Advertisement-

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچ گئے۔ اس وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ وفد کی آمد پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس اسٹاف و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے ان کا استقبال کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکی نائب صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے امریکی عزم کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کے دیرپا حل کے لیے سہولت کاری کا عمل جاری رکھے گا۔

روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کے مطابق مذاکرات میں شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ایران کے ساتھ ہونے والی یہ بات چیت مثبت نتائج کی حامل ہوگی۔

اس سے قبل، ایران کے پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد ہفتے کی صبح اسلام آباد پہنچا۔ وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، سیکریٹری دفاعی کونسل، گورنر سینٹرل بینک اور اراکین پارلیمنٹ سمیت عسکری و اقتصادی حکام شامل ہیں۔ ایرانی وفد کا استقبال بھی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وفد میں سیاسی، سیکیورٹی، عسکری اور قانونی امور کے ماہرین شامل ہیں جو امریکی حکام کے ساتھ مختلف پہلوؤں پر بات چیت کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کی میزبانی کو ملکی وقار کے لیے باعث فخر قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس عمل میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے قوم سے بھی مذاکرات کی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد میں ٹریفک کا خصوصی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون اور ملحقہ علاقے مکمل طور پر بند رہیں گے۔ کشمیر چوک سے زیرو پوائنٹ، سرینگر ہائی وے اور سرینا چوک سمیت متعدد اہم شاہراہیں بند رکھی گئی ہیں۔

انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ پشاور سے راولپنڈی اور لاہور جانے والے مسافر متبادل راستوں کے طور پر موٹر وے اور چک بیلی روڈ کا استعمال کریں۔ بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے کورنگ روڈ اور لیہترار روڈ کے متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں۔ بھاری ٹریفک کا شہر میں داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -