-Advertisement-

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے رضوان آفتاب احمد کے لیے اعزاز

تازہ ترین

اسلام آباد مذاکرات کی ناکامی: ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں فوری بحری ناکہ بندی کا حکم

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام پر اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات...
-Advertisement-

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے پر رضوان آفتاب احمد کو خصوصی اعزاز سے نوازا ہے۔ اتوار کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق رضوان آفتاب احمد کی جانب سے قومی ایتھلیٹس کو مالی معاونت، طبی سہولیات اور غذائی مدد کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا گیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل محمد خالد محمود نے رضوان آفتاب احمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سمیت دیگر ایلیٹ ایتھلیٹس کی پاکستان اور بیرون ملک معاونت ان کے کھیل اور ملک سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رضوان آفتاب کی کاوشیں ملکی کھیلوں کے مستقبل کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے رضوان آفتاب احمد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تنظیم کی سب سے بڑی ٹرافی اور شیلڈ پیش کی گئی۔ اعزاز وصول کرنے کے بعد رضوان آفتاب احمد نے کہا کہ یہ پذیرائی ان کے لیے مزید کام کرنے کا محرک ثابت ہوگی۔ انہوں نے اپنے خاندان کی عوامی خدمات کی روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پڑنانا راجہ غزنفر علی خان نے قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھ مل کر خدمات انجام دیں اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

اپنے خاندانی پس منظر کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے دادا افتخار احمد شاہ نے 1948 کے لندن اولمپکس میں تیراکی کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جبکہ ان کے والد پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد پاکستان میں آرتھوپیڈک سرجری کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ارشد ندیم کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے رضوان آفتاب نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑی کی اپنی محنت، ان کے اہل خانہ، کوچ سلمان بٹ اور ڈاکٹر علی باجوہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

رضوان آفتاب احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی کھلاڑیوں کی بہترین معاونت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایکٹیویٹ کے سی ای او اور نیشنل ہسپتال ڈی ایچ اے لاہور کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے ان کے طبی مراکز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پاکستانی ایتھلیٹس اولمپک مقابلوں میں ملک کا نام مزید روشن کریں اور وہ اس مقصد کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -