-Advertisement-

توانائی کا بحران: وزیراعظم شہباز شریف کی قوم اور سرکاری اداروں کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی ہدایت

تازہ ترین

خطے میں کشیدگی عروج پر: ایران کا اسرائیلی ایف-16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایرانی...
-Advertisement-

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے توانائی کے موجودہ بحران کے پیش نظر قوم اور حکومتی اداروں سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت کے اس دور میں غیر ضروری سفر سے گریز، ورک فرام ہوم کے کلچر کو فروغ، یونیورسٹیوں میں ای لرننگ اور تفریحی سرگرمیوں میں کمی لانا ملکی معیشت کے لیے ایک ڈالر بچانے کے مترادف ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بحرانی کیفیت میں اپنے ارد گرد موجود ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر محدود وسائل میں غریب طبقے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیر پیٹرولیم نے واضح کیا کہ حکومت اب سرکاری وسائل کا رخ صرف مستحق افراد کی جانب موڑنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والے محنت کش طبقے کو ریلیف دیا جا سکے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی رابطوں کے ذریعے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے خام تیل کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے باوجود سعودی عرب بحیرہ احمر اور متحدہ عرب امارات فجیرہ کے راستے پاکستان کو تیل فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران خام تیل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور ڈیزل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 200 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا مشکل فیصلہ قومی مفاد میں کیا ہے۔ انہوں نے ریفائنریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہنگا ایندھن خریدنے سے نہ گھبرائیں تاکہ سپلائی میں تعطل نہ آئے۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ حکومتی بچت مہم کے ذریعے 27 ارب روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچنے سے روکنا ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -