صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کے روز لاڑکانہ میں بھٹو ہاؤس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم کیا جائے تاکہ شہریوں پر معاشی دباؤ کو دور کیا جا سکے۔
اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور اور صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔
سرکاری حکام کے مطابق اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، معاشی منظرنامے اور توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت بشمول پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو انسداد دہشت گردی کے لیے جاری آپریشنز اور سرحدی سیکیورٹی کے امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے مابین کشیدگی اور خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے صدر مملکت کو ملکی معاشی اشاریوں، توانائی کے شعبے کی موجودہ صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
صدر زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشی پالیسیوں کا محور عوامی ریلیف ہونا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عام آدمی کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
