اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کو کشمیری قیادت کی آواز دبانے کی ایک گہری سازش قرار دیا ہے۔
ایک ویڈیو پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی عدالت کا فیصلہ انصاف نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسیہ اندرابی کو قید کرنا کشمیری قیادت کو کچلنے کی کوشش ہے جو عدالتی تقاضوں کے منافی ہے۔
مشعال ملک نے زور دیا کہ متنازع قوانین کے ذریعے تحریک آزادی کو دبایا جا رہا ہے۔ یہ محض چند افراد کو دی گئی سزا نہیں بلکہ پوری قوم کے حق خود ارادیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی برادری کی خاموشی بھی ظلم میں شرکت کے مترادف سمجھی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی عدالت نے انصاف کے بجائے ظلم کا پروانہ جاری کیا ہے۔ یہ صرف آسیہ اندرابی کی سزا نہیں بلکہ کشمیریوں کی امیدوں کو قید کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سچ بولنا کب سے جرم بن گیا اور یہ کیسا نظام انصاف ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری قیادت کو خاموش کرانے کی سازشیں عروج پر ہیں اور سلاخوں کے پیچھے ہر آواز آزادی کا نعرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے انسانیت کے نام پر سوال اٹھایا کہ دنیا کب تک خاموش رہے گی۔ ان کے مطابق اگر عالمی دنیا نے آج آواز نہ اٹھائی تو تاریخ اسے اس ظلم میں برابر کا شریک تصور کرے گی۔
