اداکارہ عینا آصف کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے چاند رات خصوصی شو میں شرکت کے دوران دیے گئے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس کے بعد وہ انسٹاگرام پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ کم عمری میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی عینا آصف نے مائی ری اور جڑواں جیسے ڈراموں میں منفرد اور جذباتی کردار ادا کر کے اپنی ایک الگ شناخت بنائی ہے۔
شو کے میزبان عمران اشرف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عینا آصف نے سیٹ پر سینئر اداکاروں کے رویے کے حوالے سے تلخ تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی وہ سیٹ پر کوئی بات کرتی تھیں تو سینئر اداکار انہیں عجیب نظروں سے دیکھتے تھے، جس کا مقصد انہیں غیر آرام دہ محسوس کروانا ہوتا تھا۔ عینا کا کہنا تھا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ہر کوئی انہیں ٹوکنے کا عادی ہے۔
اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ جب انہیں کسی جذباتی یا رونے والے منظر کی عکاسی کرنی ہوتی تھی تو سینئر اداکار جان بوجھ کر خلل ڈالتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کا اہم منظر ہوتا اور انہیں چلانا یا رونا ہوتا، تو یا تو وہ وہاں سے اٹھ کر چلے جاتے، یا پھر کلوز اپ شاٹ کے دوران آپس میں باتیں کرنے لگتے یا ہدایت کار کے ساتھ ہنسی مذاق شروع کر دیتے تھے۔
عینا آصف نے بتایا کہ سینئر اداکاروں کی جانب سے ان کی نقل اتارنا اور جب ان کی باری آتی تو جان بوجھ کر ڈائیلاگ بھولنے کا ڈرامہ کرنا بھی معمول رہا ہے۔ عینا نے کہا کہ پہلے انہیں اس رویے پر غصہ آتا تھا لیکن اب وہ اسے نظر انداز کرنا سیکھ گئی ہیں اور انہیں اس سے کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔
پروگرام کے میزبان عمران اشرف نے عینا آصف کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کی بڑی ہیروئنز میں سے ایک قرار دیا۔ عمران اشرف نے کہا کہ وہ عینا کو ایک چھوٹی سی بچی سمجھتے تھے لیکن اب وہ ان کے برابر میں بیٹھنے والی ایک کامیاب اداکارہ بن چکی ہیں۔
