-Advertisement-

اسحاق ڈار کا دورہ بیجنگ: ایران کشیدگی پر چین اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق

تازہ ترین

غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے، کم از کم 5 فلسطینی شہید

غزہ کی پٹی میں منگل کے روز اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم پانچ فلسطینی شہری...
-Advertisement-

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چین کے ایک روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد ایران کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان اور چین اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت سے ایران اور امریکا کے مابین کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر غور کریں گے۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے آزمودہ اسٹریٹجک شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک ایران کے معاملے پر قریبی رابطہ رکھیں گے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھی پاکستان کی جانب سے خطے میں امن قائم کرنے کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا عمل پیچیدہ ضرور ہے تاہم یہ آبنائے ہرمز میں معمول کی جہاز رانی کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

ایران کے سفیر برائے پاکستان رضا امیری مقدم نے بھی اسلام آباد کی جانب سے امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا خیرمقدم کیا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کی میزبانی میں سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی منعقد ہو چکا ہے جس میں کشیدگی کے خاتمے اور باہمی مذاکرات پر زور دیا گیا تھا۔ اسحاق ڈار نے بھی اشارہ دیا ہے کہ پاکستان واشنگٹن اور تہران کے مابین براہ راست مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے مابین بالواسطہ رابطے تاحال جاری ہیں اور پاکستان ان رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -