چترال کی وادی کیلاش میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی کے معیار کو برقرار رکھنا اور وادی کے قدرتی حسن کو آلودگی سے محفوظ بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پلاسٹک کے تھیلے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ کا سبب بھی بنتے ہیں، جس سے مقامی ایکو سسٹم متاثر ہو رہا ہے۔ وادی کی حساسیت کے پیش نظر سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔
یہ پابندی چلم جوشی فیسٹیول کے تناظر میں نافذ کی گئی ہے جو 12 سے 17 مئی 2026 تک منعقد ہوگا۔ میلے کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، جس کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت پلاسٹک بیگز کی فروخت، نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی اور استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور 60 روز تک برقرار رہیں گے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مقامی انتظامیہ نے رہائشیوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وادی کے ماحولیاتی توازن اور قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔
