پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 102 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 809 ارب روپے سے زائد کے قرض حاصل کر لیے ہیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے بیرونی قرضوں کے حصول کا سلسلہ جاری ہے۔
دستاویزات کے مطابق عالمی بینک سب سے بڑا قرض دہندہ ادارہ ثابت ہوا ہے جس نے 46 منصوبوں کے لیے 352 اعشاریہ 5 ارب روپے فراہم کیے۔ اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک نے صوبے بھر میں 44 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 351 اعشاریہ 8 ارب روپے کے قرض جاری کیے۔
رواں برس جولائی سے دسمبر کے دوران صوبائی حکومت نے قرضوں اور سود کی مد میں 25 اعشاریہ 56 ارب روپے کی ادائیگی کی۔ اس رقم میں سے 15 اعشاریہ 81 ارب روپے اصل زر کی واپسی جبکہ 9 اعشاریہ 75 ارب روپے سود کی ادائیگی پر خرچ کیے گئے۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ بجٹ میں قرضوں کا تخمینہ 180 ارب روپے لگایا گیا تھا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ قرضے گزشتہ معاہدوں کا تسلسل ہیں جو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے حاصل کیے گئے ہیں۔
