پاکستان ٹینس فیڈریشن نے شیمکینٹ میں منعقد ہونے والے ڈیوس کپ جونیئرز کے لیے قومی دستے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ بین الاقوامی ایونٹ 16 سے 24 مئی تک قازقستان کے شہر شیمکینٹ میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کا انعقاد اسلام آباد میں پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں 30 مارچ سے 2 اپریل تک کیا گیا۔ ان ٹرائلز کے لیے ملکی سطح پر رینکنگ اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر 12 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
ابوبکر طلحہ کو ان کی شاندار کارکردگی کے پیش نظر ٹرائلز سے استثنیٰ دیا گیا تھا تاہم انہیں حتمی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم میں ابوبکر طلحہ کے ہمراہ حسن عثمانی اور زوہیب افضل ملک شامل ہیں۔
یہ تینوں کھلاڑی جونیئر انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جس میں مختلف خطوں سے ابھرتے ہوئے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل نے منتخب کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
