امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پوری تہذیب چند گھنٹوں کے اندر تباہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ ایران میں مکمل اور حتمی حکومت کی تبدیلی کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج رات ایک پوری تہذیب کا خاتمہ ہو سکتا ہے جسے دوبارہ کبھی بحال نہیں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایسا نہیں چاہتے لیکن بظاہر ایسا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب جب کہ حکومت کی تبدیلی کا عمل جاری ہے، تو شاید زیادہ سمجھدار اور کم انتہا پسند سوچ رکھنے والے افراد کے سامنے آنے سے کوئی انقلابی اور شاندار تبدیلی رونما ہو جائے۔
امریکی صدر نے اس صورتحال کو عالمی تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج رات جان لیں گے کہ یہ تاریخ کے پیچیدہ ترین ادوار میں سے ایک ہے۔ ٹرمپ نے ستالیس برسوں پر محیط مبینہ بھتہ خوری، بدعنوانی اور اموات کے سلسلے کے خاتمے کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا ستالیس برسوں کا حوالہ انیس سو اناسی کے اسلامی انقلاب کی جانب اشارہ ہے جس کے بعد سے ایران کے سیاسی نظام میں تبدیلی آئی اور واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی۔ صدر ٹرمپ کا ماننا ہے کہ آج رات ہونے والی پیش رفت ایران کا مستقبل بدل کر رکھ دے گی۔
