وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے جب مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بجائے امن کی بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو فریقین کل تک برسرِ پیکار تھے اور خطہ تباہی کا منظر پیش کر رہا تھا، اب وہ مذاکرات کے ذریعے بحران حل کرنے پر آمادہ ہیں۔
شہباز شریف نے ایران اور امریکہ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے نہ صرف عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ ان کی دعوت پر اسلام آباد آنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے جہاں قیامِ امن کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کا جواز پیش کرتے ہوئے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ حکام کے مطابق حکومت نے اگلے تین ہفتوں تک مزید قیمتیں بڑھانے سے گریز کیا اور اس دوران وزیر اعظم نے 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر بوجھ خود برداشت کیا۔
تاہم دو اپریل کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 458 اعشاریہ 4 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 185 روپے فی لیٹر یعنی 55 فیصد اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی قیمت 520 اعشاریہ 35 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
اس اعلان کے 24 گھنٹے کے اندر ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کر دی تھی جس کے بعد پیٹرول کی قیمت کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
