-Advertisement-

عالمی منڈی میں قیمتیں گرنے پر پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

تازہ ترین

کراچی سٹی کونسل کے اجلاس میں ہنگامہ، ارکان کے درمیان تلخ کلامی اور نعرے بازی

کراچی سٹی کونسل کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی اور دست و گریبان ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جمعہ...
-Advertisement-

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کو قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق ہفتہ 11 اپریل سے ہو چکا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے سے کم ہو کر 385 روپے 54 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت 378 روپے 41 پیسے سے کم ہو کر 366 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں تو اس کا بوجھ عوام پر پڑا، اب جبکہ قیمتوں میں کمی ہوئی ہے تو یہ میرا اخلاقی اور سیاسی فرض ہے کہ اس کا مکمل فائدہ عوام تک پہنچاؤں۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں تجویز دی گئی تھی کہ کچھ ریلیف سرکاری خزانے میں رکھ کر گزشتہ ہفتوں میں دی گئی 129 ارب روپے کی سبسڈی کا بوجھ کم کیا جائے، تاہم انہوں نے اس تجویز کو فوری طور پر مسترد کر دیا۔

وزیراعظم نے گندم کی کٹائی کے سیزن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاری کے اخراجات میں کمی لانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسان کی محنت رائیگاں نہ جائے اور عام آدمی کے لیے اشیائے خورونوش سستی ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے زرعی شعبے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی آئے گی جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف ملے گا۔

حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر شروع کی گئی ٹارگٹڈ سبسڈی کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل ترین حالات میں بھی ان کی حکومت نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ عوام کی فلاح رہی ہے۔

یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی ثالثی سے ہونے والی جنگ بندی کے بعد عالمی تیل منڈی میں نسبتاً استحکام کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام عالمی منڈی کے رجحانات اور حکومت کی جانب سے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں کا عکاس ہے۔

حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 80 روپے 61 پیسے جبکہ ہائی اوکٹین پر 305 روپے 37 پیسے سے زائد مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل، پیٹرول، مٹی کے تیل اور فرنس آئل پر 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی نافذ العمل رہے گی۔ ان قیمتوں اور لیویز کا اطلاق 11 اپریل سے تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -