-Advertisement-

ایران کے پاس آبنائے ہرمز کے سوا کوئی کارڈ نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

تازہ ترین

ایران، امریکہ مذاکرات کا مقصد جنگ کا مکمل خاتمہ ہونا چاہیے: حماس

پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ...
-Advertisement-

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے پاس امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں کوئی مضبوط پوزیشن یا کارڈ موجود نہیں ہے، سوائے عالمی آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز پر اپنی وقتی گرفت کے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام اس حقیقت سے بے خبر ہیں کہ عالمی پانیوں کے ذریعے دنیا کو بلیک میل کرنے کے علاوہ ان کے پاس کوئی اور چال باقی نہیں بچی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ایران کا وجود صرف مذاکرات کی مرہون منت ہے۔

ایک اور پیغام میں 79 سالہ امریکی صدر نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانیوں کو جنگ لڑنے سے زیادہ جھوٹی خبروں اور تعلقات عامہ کے محاذ پر مہارت حاصل ہے۔ آبنائے ہرمز کے کنٹرول کا معاملہ ہفتے کے روز پاکستان میں ہونے والے مذاکرات کا مرکزی نقطہ ہوگا۔ اس تنگ آبی گزرگاہ سے دنیا بھر کا پانچواں حصہ خام تیل گزرتا ہے۔ اگرچہ منگل کو دو ہفتے کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد اس راستے کو کھولنے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم تہران کی جانب سے دھمکیوں کے باعث جہازوں کی آمدورفت تاحال تعطل کا شکار ہے۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران تیل کی ترسیل یقینی بنانے میں بری طرح ناکام رہا ہے جو کہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں دھمکی دی کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکی بحری جہازوں کو ایران پر حملہ کرنے کے لیے تیار رکھا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ان جہازوں کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کیا جا رہا ہے اور اگر کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو ان ہتھیاروں کا انتہائی مؤثر استعمال کیا جائے گا۔

ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وینس نے تہران کو خبردار کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن مثبت مذاکرات کا خواہشمند ہے اور اگر ایران خلوص نیت سے بات چیت کرتا ہے تو امریکہ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے لیے تیار ہے، تاہم اگر ایران نے گیم کھیلنے کی کوشش کی تو امریکی ٹیم سخت ردعمل دے گی۔

مذاکرات میں آبنائے ہرمز کے علاوہ ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر اور امریکہ و اسرائیل کے ممکنہ حملوں کو روکنے کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -