-Advertisement-

تھائی لینڈ میں نئی حکومت کا قیام آئندہ ہفتے متوقع، وزیراعظم کا اعلان

تازہ ترین

ایران کو روسی حمایت: میدانِ جنگ میں تبدیلی کا امکان کم، تجزیہ کار

امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں روس، ایران کو محدود مگر اہم عسکری اور انٹیلی...
-Advertisement-

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چارن ویرکول نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ ملک میں آئندہ ہفتے نئی حکومت کا قیام عمل میں آ جائے گا۔ کابینہ کے ارکان کی فہرست پیر کے روز شاہی توثیق کے لیے بھجوائی جائے گی۔

وزیر اعظم انوتین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت پارلیمنٹ میں فوری طور پر پالیسی بیان پیش کرے گی تاکہ سرکاری امور کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے۔

بھومجائی تھائی پارٹی کے ڈپٹی لیڈر سیریپونگ انگکاساکولکیات کے مطابق پالیسی بیان 7 سے 9 اپریل کے درمیان متوقع ہے، جس میں پارٹی کے انتخابی وعدوں، بشمول صارفین کے لیے سبسڈی اسکیم کے اگلے مرحلے کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے مارچ کے پہلے نصف میں تیل کی قیمتوں کے انتظام کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر عوام سے معذرت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ابتدا میں عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے 15 روز تک قیمتیں مستحکم رکھی تھیں، تاہم مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر اثرات کو کم کرنے کے لیے مزید مناسب اقدامات ناگزیر ہو گئے تھے۔

حکومت نے تیل کی قیمتوں پر کیپ ختم کر دیا ہے اور اس کے متبادل کے طور پر ٹیکس میں کٹوتی سمیت دیگر امدادی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزارت خزانہ کے عہدیدار لاوارون سانگسنیت کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد صارفین کے لیے سبسڈی اسکیم شروع کر دی جائے گی۔

انوتین نے عوام کو یقین دلایا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ملک میں ایندھن کے ذخائر کافی مقدار میں موجود ہیں۔ قیمتوں پر کیپ ختم کرنے کا مطلب مکمل آزادی نہیں ہے کیونکہ آئل سبسڈی فنڈ کے ذریعے اب بھی کچھ حد تک تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

توانائی کے وزیر اوٹاپول ریکپیبون نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے پاس فی الحال 107 دنوں کے تیل کے ذخائر موجود ہیں جبکہ مزید کھیپیں اپریل اور مئی میں پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئل فنڈ کو اس وقت تقریباً 38 ارب بھات یعنی ایک اعشاریہ ایک چھ ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا ہے۔

وزیر خارجہ سیہاسک پھوانگ کیٹکیو نے بتایا کہ ان کی وزارت نے برازیل، نائیجیریا، قازقستان اور آذربائیجان سے تیل کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے رابطہ کیا ہے اور ان ممالک نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے تھائی جہازوں کی بحفاظت نقل و حمل کے لیے ایران کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے اور ایک تھائی جہاز وہاں سے گزر چکا ہے۔ ایس سی جی کیمیکلز کے جہاز کو گزارنے کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت تجارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ مہنگائی میں غیر معمولی اضافے کو روکا جا سکے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -