-Advertisement-

انڈونیشیا میں 7.6 شدت کا زلزلہ، ایک ہلاکت، سونامی کا خطرہ ٹل گیا

تازہ ترین

عالمی منڈی میں گراوٹ، پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی

پاکستان میں جمعرات کے روز سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے جس سے خریداروں کو کئی...
-Advertisement-

انڈونیشیا کے شمالی ملوکا سمندر میں جمعرات کے روز 7.6 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سونامی کی لہریں بھی اٹھیں تاہم حکام نے بعد ازاں خطرے کی وارننگ واپس لے لی۔

انڈونیشیا کی موسمیاتی ایجنسی بی ایم کے جی کے مطابق پانچ مقامات پر سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں، جن میں سب سے بلند لہر شمالی سلاویسی کے علاقے شمالی میناہاسا میں 0.75 میٹر بلند تھی۔ زلزلے کے بعد تقریباً 50 آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن میں سب سے طاقتور جھٹکے کی شدت 5.8 تھی۔

بی ایم کے جی کے سربراہ تیوکو فیصل فاتحانی نے ابتدائی طور پر سونامی کے امکانات کے پیش نظر 0.5 سے 3 میٹر تک بلند لہروں کی وارننگ جاری کی تھی، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔ امریکی سونامی وارننگ حکام نے بھی انڈونیشیا، فلپائن اور ملائیشیا کے ساحلی علاقوں کے لیے جاری کردہ انتباہ واپس لے لیا ہے۔

شمالی سلاویسی پولیس کے ڈپٹی چیف اوی سیتیونو نے تصدیق کی ہے کہ مانڈو شہر میں کھیل کے ایک مقامی ادارے کی عمارت کا حصہ گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص ہلاک ہوا۔ مقامی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز 35 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا اور یہ علاقہ پیسیفک رنگ آف فائر کا حصہ ہے جو زلزلے اور آتش فشاں کے حوالے سے انتہائی حساس مانا جاتا ہے۔ سروے کے مطابق اس واقعے کے بعد مزید جانی نقصان کا امکان کم ہے تاہم حکام نے لوگوں کو تباہ شدہ عمارتوں سے دور رہنے اور آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی مکانات اور ایک چرچ کو معمولی سے درمیانے درجے کا نقصان پہنچا ہے۔ بٹونگ اور ٹرنیٹ شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے 10 سے 20 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ مانڈو کے رہائشیوں نے بتایا کہ جھٹکوں کے دوران لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، کئی مقامات پر بجلی کا نظام درہم برہم ہوا اور گھروں میں موجود سامان گر کر ٹوٹ گیا۔

فلپائن اور ملائیشیا کے محکمہ موسمیات نے بھی اپنے ممالک کے لیے سونامی کا کوئی بڑا خطرہ نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے گوام، جاپان، ملائیشیا، پاپوا نیو گنی، فلپائن اور تائیوان کے ساحلوں پر 0.3 میٹر سے کم بلند لہروں کا خدشہ ظاہر کیا تھا، جبکہ جاپان کی جانب سے بھی کسی بڑے نقصان کے امکان کو مسترد کیا گیا ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -