ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس آرگنائزیشن کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل سید مجید خادمی تہران میں ہونے والے ایک فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایرانی حکام کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ پیر کی صبح سویرے کیا گیا جسے انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایک مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
ایرانی سکیورٹی ادارے نے اپنے بیان میں سید مجید خادمی کی طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ بیان کے مطابق مرحوم نے کئی دہائیوں تک ایران کی قومی سلامتی کے تحفظ اور بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے اس فضائی حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اسرائیلی وزیر اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ انہیں ملٹری چیف ایال زامیر کے ساتھ ہونے والے ایک جائزے کے دوران اس آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔
