وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بات چیت بحال ہونے کے روشن امکانات موجود ہیں اور سابقہ مذاکرات کے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تک ہونے والی پیش رفت مثبت رہی ہے اور مذاکرات کے حوالے سے کوئی منفی اشارے سامنے نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کم ہونے کی امیدیں وابستہ ہیں اور صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ خطے میں حتمی فیصلے اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔ بھارت سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک کی جانب سے مایوسی پر مبنی رویہ اپنایا جا رہا ہے۔
