امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر امت مسلمہ کو غزہ کے مظلوم عوام کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ کے بچے اور مجاہدین ملبے کے ڈھیروں پر عید منا رہے ہیں جو امت کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے ایران کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے امریکہ اور اسرائیل کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ ایران میں حکومت کی تبدیلی چاہتا تھا لیکن اب مغرب میں نظام کی تبدیلی کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، جس کے پیش نظر مسلم امہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے ایران پر حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے 176 طالبات کو نشانہ بنا کر اپنی جارحیت کا آغاز کیا، جس کی تمام سیاسی جماعتوں کو مذمت کرنی چاہیے۔
ملکی معاشی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول بم گرا رہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فی لیٹر پیٹرول پر 25 فیصد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جو عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ہے۔
