معروف امریکی کامیڈین اسٹیفن کولبرٹ نے اپنے گیارہ سالہ طویل کیریئر کے بعد سی بی ایس کے پروگرام دی لیٹ شو کی میزبانی سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد وہ اب لارڈ آف دی رنگز فرنچائز کی نئی فلم کی تخلیق اور اسکرپٹ نویسی میں مصروف ہوں گے۔
کولبرٹ، جو جے آر آر ٹولکین کی تخلیق کردہ خیالی دنیا مڈل ارتھ کے مداح کے طور پر جانے جاتے ہیں، نے اس منصوبے کا اعلان ایک ویڈیو پیغام میں کیا جس میں ان کے ہمراہ ہدایت کار پیٹر جیکسن بھی موجود تھے۔
پریس ریلیز کے مطابق اس نئی فلم کا ابتدائی عنوان لارڈ آف دی رنگز: شیڈو آف دی پاسٹ رکھا گیا ہے، تاہم ابھی تک اس کے ہدایت کار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
اسٹیفن کولبرٹ نے پیٹر جیکسن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پیش رفت پر بے حد خوش ہیں کیونکہ ٹولکین کی کتابیں اور جیکسن کی فلمیں ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔
اس پروجیکٹ میں کولبرٹ کے ساتھ ان کے صاحبزادے اور اسکرین رائٹر پیٹر میک گی اور اصل ٹرائلوجی کی اسکرین رائٹر فلپا بوئنز بھی شامل ہوں گی۔
یہ فلم وارنر برادرز ڈسکوری اور نیو لائن سنیما کے زیر اہتمام بننے والی لارڈ آف دی رنگز کی دوسری فلم ہوگی، جبکہ پہلی فلم دی ہنٹ فار گولم پر کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ پیٹر جیکسن کی اصل ٹرائلوجی نے دنیا بھر میں دو اعشاریہ نو ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا اور اس کی تیسری فلم دی ریٹرن آف دی کنگ نے بہترین فلم کا اکیڈمی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
سی بی ایس نے جولائی دو ہزار پچیس میں اپنے مقبول ترین پروگرام دی لیٹ شو ود اسٹیفن کولبرٹ کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جو اپنی سیاسی طنز نگاری کی وجہ سے مشہور تھا اور اکثر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کا ہدف بھی رہتا تھا۔
رواں برس ستائیس فروری کو پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس نے وارنر برادرز ڈسکوری کو ایک سو دس ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، جس کے بعد ہیری پوٹر، لارڈ آف دی رنگز اور سپر مین جیسی بڑی فلمی فرنچائزز ایک ہی چھت تلے جمع ہو گئی ہیں۔
