مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان اور خطے کے درمیان فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر باون پروازیں منسوخ اور پچاس کے قریب تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ہفتے کے روز کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر شہروں سے گیارہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔ کراچی سے مشرق وسطیٰ جانے والی سولہ پروازیں منسوخ اور پندرہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔
لاہور سے کویت سٹی، دوحہ اور دبئی جانے والی آٹھ پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ سات پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اسلام آباد سے پندرہ پروازیں منسوخ اور بیس تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
پشاور سے دوحہ، دبئی، ابوظہبی اور شارجہ جانے والی دس پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ ملتان سے بھی دو پروازیں منسوخ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے بعد سے مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث یہ تعطل پیدا ہوا ہے۔ اس بحرانی صورتحال میں اب تک پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان چھبیس سو سے زائد پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقائی فضائی حدود میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پروازوں کے شیڈول متاثر ہو رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
