کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں رینجرز اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم فتنہ الہند سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کی شناخت عاصم ولد اصغر علی کلمتی بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جسے گلشن اقبال بلاک بارہ کے علاقے مانو گوٹھ سے حراست میں لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے سن دو ہزار سولہ میں کراچی سے بلوچستان کے علاقے پنوآن جیونی نقل مکانی کی تھی۔ اس نے دو ہزار تیئس میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے کمانڈرز طارق عرف صوفی اور سلمان کلمتی بلوچ کے اکسانے پر دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ ملزم تنظیم کے لیے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان کی ترسیل میں سہولت کاری کرتا رہا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں کمانڈر طارق کی ہلاکت کے بعد ملزم ایران کے علاقے رمضان میں روپوش ہو گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھی سلمان بلوچ نے اپنے کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عہد کر رکھا تھا۔ کمانڈر ریحان بلوچ کی ہدایت پر ملزم کو عید کے بعد ہمسایہ ملک میں موجود تنظیم کے مجید بریگیڈ کے تربیتی کیمپ بھیجا جانا تھا۔
ملزم سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیموں سے منسلک پلیٹ فارمز پر انتہائی متحرک تھا اور نوجوانوں کو ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف اکسانے میں ملوث رہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ گرفتار ملزم کو برآمد شدہ اسلحہ اور بارودی مواد سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
