امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران اتحادی ممالک کی جانب سے تعاون نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک بالخصوص فرانس اور برطانیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں اپنے ایندھن کے ذخائر خود محفوظ کرنے یا امریکہ سے خریدنے کا مشورہ دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جو ممالک آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث جیٹ فیول کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ امریکہ سے ایندھن خریدیں یا پھر خود ہمت دکھا کر آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالیں۔ انہوں نے برطانیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے خلاف کارروائی میں شامل ہونے سے گریزاں رہا ہے۔
امریکی صدر نے فرانس پر بھی کڑی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ پیرس نے اسرائیل کو عسکری سازوسامان پہنچانے والے طیاروں کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس اقدام سے مغربی اتحادیوں کے مابین تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہوا ہے۔
ٹرمپ نے یورپی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اب اپنی لڑائی خود لڑنا سیکھ لیں کیونکہ امریکہ مستقبل میں ان کی مدد کے لیے موجود نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ یہ ممالک اپنی تیل کی ضروریات کو خود پورا کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
