کریمنیا میں روسی فوج کا اے این 26 طیارہ پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے پر سوار 29 افراد ہلاک ہو گئے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق حادثہ بظاہر تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
روسی خبر رساں ادارے ٹاس نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ طیارے کا رابطہ منگل کی شام مقامی وقت کے مطابق 6 بجے منقطع ہوا تھا۔ طیارہ کریمنیا کی فضائی حدود میں معمول کی پرواز پر تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ تک پہنچ کر ملبہ تلاش کر لیا ہے۔
وزارت دفاع کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں 6 عملے کے ارکان اور 23 مسافر سوار تھے اور حادثے میں کوئی بھی شخص زندہ نہیں بچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارے کو کسی بیرونی حملے یا پرندوں سے ٹکرانے جیسے کسی واقعے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، بلکہ حادثے کی بنیادی وجہ تکنیکی خرابی ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے ایک فوجی کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے۔
اے این 26 طیارہ کئی دہائیوں سے روسی فضائیہ کا حصہ رہا ہے جو مختصر اور درمیانے فاصلے تک کارگو اور 40 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ طیارہ 1960 کی دہائی کے اواخر سے زیر استعمال ہے تاہم گزشتہ ایک دہائی کے دوران اس ماڈل کے متعدد مہلک حادثات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل 2022 میں یوکرین کے علاقے زاپوریژیا میں ایک اے این 26 طیارہ تکنیکی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔ اسی طرح 2020 میں یوکرین میں ہی ایک تربیتی پرواز کے دوران طیارہ گرنے سے 27 میں سے 26 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ جنوبی سوڈان اور آئیوری کوسٹ میں بھی ماضی میں اس ماڈل کے طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔
