محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وسیع پیمانے پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ جبکہ بلوچستان کے وسطی و جنوبی اضلاع، زیریں سندھ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی صورتحال کے باعث شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے نچلے علاقوں بشمول کرم، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو اور کوہاٹ کے مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔ یہ صورتحال آج رات سے تین اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے وسیع علاقوں بشمول چترال، سوات، مالاکنڈ، پشاور اور مردان سمیت دیگر اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور اور ملتان سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے اضلاع میرپورخاص، سانگھڑ، عمرکوٹ، لاڑکانہ اور سکھر سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد سمیت ساحلی پٹی پر چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، چمن، پسنی اور گوادر سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہے گا اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔
