-Advertisement-

رانا ثناء اللہ کی ریاست مخالف عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی تنبیہ

تازہ ترین

برطانوی شاہی خاندان کی ایسٹر سروس میں شرکت، شہزادہ اینڈریو غیر حاضر

برطانوی شاہی خاندان نے اتوار کے روز ونڈسر میں ایسٹر کی روایتی تقریب میں شرکت کی۔ فروری میں اینڈریو...
-Advertisement-

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے ملک کو درپیش مشکل حالات کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں، کاروباری تنظیموں، ایوان ہائے تجارت اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کٹھن وقت میں حکومت اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں اور قومی مسائل کے حل کے لیے تعمیری تجاویز سامنے لائیں۔

فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے خبردار کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کو دعوت دی کہ وہ ایک کل جماعتی کانفرنس بلائیں جس میں حکومت اور اپوزیشن کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کر کے قومی بحرانوں کا حل تلاش کیا جائے۔

مشیر وزیراعظم نے واضح کیا کہ موجودہ بحران پاکستان کا پیدا کردہ نہیں بلکہ عالمی تنازعات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں حکومت کے خلاف احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اگر احتجاج کرنا ہی ہے تو اس کا رخ ان قوتوں کی جانب ہونا چاہیے جو جنگ کی ذمہ دار ہیں، بالخصوص اسرائیل اور اس کے وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف آواز بلند کی جانی چاہیے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دنیا بھر میں جنگ کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں اور پاکستان کو عالمی برادری ایک اہم ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف کر رہے ہیں جس سے ملکی سیاسی و عسکری قیادت پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر سیاسی مفادات کے لیے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں قوم مسترد کر دے گی۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو متنبہ کیا کہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو عالمی بحران سے نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے عالمی کشیدگی اور اہم تجارتی راستوں کی بندش کے باوجود ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی سپلائی چین متاثر ہوئی ہے جس کے باعث دنیا بھر میں توانائی کا بحران اور مہنگائی عروج پر ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد، صبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -