عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے کلے کورٹ پر واپسی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سیزن میں مونٹی کارلو، بارسلونا، میڈرڈ اور روم کے ایونٹس میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ رولینڈ گیروس میں اپنے ٹائٹل کے دفاع سے قبل یورپی کلے کورٹ سیزن کے تمام اہم مقابلوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔
موناکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپانوی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ کلے کورٹ سیزن ختم ہوتے ہی انہیں اس سطح پر کھیلنے کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رولینڈ گیروس کے بعد سے انہوں نے کلے کورٹ پر پریکٹس نہیں کی تھی، تاہم اب دوبارہ اس سرفیس پر واپسی کا تجربہ انتہائی خوشگوار ہے۔
الکاراز نے تسلیم کیا کہ کلے کورٹ کا سیزن جسمانی اور ذہنی اعتبار سے انتہائی تھکا دینے والا ہوتا ہے۔ انہوں نے بارسلونا اوپن کو اپنے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا کیونکہ وہ وہاں 14 سال کی عمر سے کھیل رہے ہیں اور یہ ان کا ہوم ٹورنامنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جسمانی اور ذہنی کیفیت کو دیکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا حتمی فیصلہ کریں گے۔
مونٹی کارلو ماسٹرز میں ٹاپ سیڈ ہونے کے ناطے کارلوس الکاراز کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملی ہے اور وہ دوسرے راؤنڈ میں اسٹین واورنکا یا سیبسٹین بائز کے مدمقابل ہوں گے۔ انہوں نے تین بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن اسٹین واورنکا کے ساتھ پریکٹس سیشن کو یادگار قرار دیا اور خواہش ظاہر کی کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل اس لیجنڈ کھلاڑی کے خلاف کم از کم ایک آفیشل میچ ضرور کھیلیں۔
