اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے خصوصی ایلچی جین آرنالٹ ایران پہنچ گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ دورہ خطے میں ایران جنگ کے دیرپا اور جامع حل کی حمایت کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ جین آرنالٹ ایرانی قیادت سے تنازع کے پرامن حل کے حوالے سے ان کے نقطہ نظر سنیں گے اور سیکرٹری جنرل کے اس عزم کو دہرائیں گے کہ عالمی ادارہ تنازع کے پرامن تصفیے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
سینئر سفارت کار جین آرنالٹ نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ اور پرامن راستے کے انتخاب کو ترجیح دیں۔ اقوام متحدہ نے پیر کے روز اپنے ایلچی کے مشرق وسطیٰ کے دورے کا اعلان کیا تھا تاہم ان کے دورے کے تمام مقامات کی تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔
دریں اثنا وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد رواں ہفتے امریکہ اور ایران کے وفود کی میزبانی کرے گا۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔ وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے وفود کو دس اپریل دو ہزار چھبیس بروز جمعہ مذاکرات کے لیے اسلام آباد مدعو کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات تمام تصفیہ طلب امور پر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان، جس کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور جو پڑوسی ملک ایران میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھتا ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔
وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات پائیدار امن کے قیام میں کامیاب ثابت ہوں گے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔ یاد رہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان یہ جنگ بندی کا اعلان صدر ٹرمپ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے خاتمے سے محض ایک گھنٹہ قبل کیا گیا تھا۔
