نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ازبک وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خاص طور پر دو ہفتوں پر مشتمل ابتدائی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور علاقائی استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری سفارتی کوششیں اور رابطے خطے اور اس سے باہر پائیدار امن و استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے۔
اس سے قبل بدھ کی شب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس گفتگو میں لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے جنگ بندی کا مکمل احترام اور اس پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں پر سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
