بالی وڈ کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کر گئیں۔ وہ طویل عرصے سے فن موسیقی سے وابستہ تھیں اور ان کے گائے ہوئے گیتوں نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔
آشا بھوسلے کو ہفتے کی شام سینے کے انفیکشن اور شدید نقاہت کے باعث ممبئی کے ایک نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، جس کی تصدیق ان کی پوتی زنائی بھوسلے نے کی تھی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کا غیر معمولی موسیقی کا سفر دہائیوں پر محیط رہا، جس نے ہمارے ثقافتی ورثے کو مالا مال کیا اور دنیا بھر میں لاتعداد دلوں کو چھو لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہے ان کی سریلی دھنیں ہوں یا پرجوش کمپوزیشنز، ان کی آواز میں ہمیشہ ایک لازوال چمک موجود تھی۔
تقریباً سات دہائیوں پر محیط کیریئر رکھنے والی آشا بھوسلے نامور گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کے دوران دو گریمی ایوارڈز کے لیے نامزدگی حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہیں بھارت کا سب سے بڑا فنی اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور بھارت کا دوسرا بڑا سول اعزاز بھی دیا گیا تھا۔
