-Advertisement-

جنگِ ستمبر کے ہیرو ونگ کمانڈر سیسل چوہدری کی 14 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

تازہ ترین

پنجاب میں مریم نواز کی قیادت پر عوامی اعتماد میں اضافہ، سروے رپورٹ جاری

انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپن ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سروے رپورٹ میں پنجاب حکومت کی...
-Advertisement-

پاکستان فضائیہ کے نڈر جنگی پائلٹ اور 1965 کی جنگ کے ہیرو گروپ کیپٹن ریٹائرڈ سیسل چوہدری کی 14 ویں برسی آج پیر کے روز منائی جا رہی ہے۔ سیسل چوہدری 27 اگست 1941 کو پیدا ہوئے اور انہوں نے 1965 کی جنگ میں دشمن کے تین طیارے مار گرا کر اپنی شجاعت اور مہارت کا لوہا منوایا۔

ان کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ 1971 کی جنگ کے دوران جب وہ سرگودھا ایئر بیس پر تعینات تھے، بھارتی سرحد کے قریب ایک مشن کے دوران ان کا طیارہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا جس کے بعد انہیں پیراشوٹ کے ذریعے انخلا کرنا پڑا۔

پسلیوں میں چار فریکچر ہونے کے باوجود سیسل چوہدری نے ہمت نہ ہاری اور وطن کے دفاع کے لیے مزید 14 فضائی مشنز میں حصہ لیا، جس پر انہیں ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ انہوں نے فضائی بیڑے کی قیادت سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دیں۔ 1978 میں وہ برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانے میں ملٹری اتاشی تعینات ہوئے جبکہ 1979 میں عراق میں عراقی فضائیہ کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کی اور وہاں کے اعلیٰ ترین غیر عسکری اعزاز کے حقدار ٹھہرے۔

سن 1986 میں پاک فضائیہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے شعبہ تعلیم میں شمولیت اختیار کی اور قوم کی خدمت کا سفر جاری رکھا۔ سیسل چوہدری 13 اپریل 2012 کو لاہور میں پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ان کی خدمات حب الوطنی اور مادر وطن کے دفاع کے لیے لازوال جذبے کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -