پاکستان نے آئی ٹی ایف ایشیا انڈر 12 ٹیم چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے مطابق سیمی فائنل میں سری لنکا کو دو صفر سے شکست دے کر قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
مذکورہ مقابلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں سنگلز میچز میں کامیابی حاصل کی۔ پہلے میچ میں محمد ایان نے سینے ویراتنے کاشیا کو زیر کیا، جبکہ دوسرے میچ میں محمد ابراہیم حسین گل نے اکبر زکریا کو شکست دے کر ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔
اب فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر، سیکریٹری جنرل اور انتظامیہ نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور فائنل میں بھی اسی عزم اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کی امید ظاہر کی ہے۔
قومی ٹیم کا یہ دورہ ہونڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ کے تعاون سے ممکن ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔ ہونڈا پاکستان اپنی مہم ڈریون ہر ڈریمز کے تحت نوجوان کھلاڑیوں بالخصوص لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
یہ ادارہ 11 سے 18 اپریل 2026 تک کھٹمنڈو میں جاری اس مقابلے میں حصہ لینے والی پاکستان کی انڈر 12 گرلز ٹیم کی بھی معاونت کر رہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں دونوں ٹیموں کی حمایت اس عزم کا اعادہ ہے کہ کھیلوں کے فروغ اور مساوی مواقع کی فراہمی کے ذریعے پاکستان میں ایک مثبت اسپورٹنگ کلچر کو پروان چڑھایا جائے۔
