صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے جمعہ کے روز سکھر اور شکارپور کے درمیان پیپلز بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اس روٹ پر چھ ڈیزل ہائبرڈ بسیں چلائی گئی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ یہ بس سروس چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے عوام کے لیے ایک خصوصی تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی معاشرے کے ہر فرد کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مخالفین جان بوجھ کر سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور پروپیگنڈا کے ذریعے پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر صوبائی مشیر میر بابر خان بھیو، رکن صوبائی اسمبلی امتیاز شیخ، رکن قومی اسمبلی شہریار مہر اور ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین سردار ذوالفقار علی خان کماریو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
