نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے مابین جاری مذاکرات کے تازہ ترین دور اور خطے کے مجموعی حالات کا جائزہ لیا۔ اس دوران خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر پیچیدہ جغرافیائی سیاسی مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل اور دیرپا امن کے قیام کے لیے تعمیری روابط اور مسلسل بات چیت ناگزیر ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے آنے والے ہفتوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ خطے کی بدلتی ہوئی حرکیات کے پیش نظر مشاورت کا عمل جاری رکھا جا سکے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ حساس پیش رفت کے دوران سفارتکاری کا کردار انتہائی اہم ہے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل مکالمہ ہی واحد راستہ ہے۔
