جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے ضلع ویرودھونگر میں واقع پٹاخہ فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
مقامی پولیس چیف این شریناتھا نے تصدیق کی ہے کہ لائسنس یافتہ فیکٹری میں پیش آنے والے اس واقعے میں 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم آتشزدگی کی فوری وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
بھارت میں صنعتی حادثات معمول بن چکے ہیں جس کی بڑی وجہ حفاظتی قوانین پر عمل درآمد میں غفلت اور کمزور نگرانی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بھی اس واقعے کو انتہائی المناک قرار دیتے ہوئے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے وسطی بھارت میں ایک پاور پلانٹ میں ہونے والے دھماکے میں بھی 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ مغربی بھارت میں آتش بازی کے سامان بنانے والی ایک فیکٹری میں لگنے والی آگ سے 17 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
