اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے دوران سفارت کاری کے دعوے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک جانب سفارت کاری کا راگ الاپنا اور دوسری جانب بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنا تضادِ بیانی ہے۔
ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ صرف بیانات کے ذریعے خود کو سفارت کاری کا حامی ظاہر کرنا کافی نہیں ہے۔ انہوں نے امریکی پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف آبنائے ہرمز پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے اور ایران کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ دوسری طرف غیر معقول مطالبات کا سلسلہ جاری ہے۔
رضا امیری مقدم نے خبردار کیا کہ جب تک آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رہے گی، خطے میں کشیدگی اور خطرات کی صورتحال بھی بدستور موجود رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
