تہران میں ہسپتال پر حملے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نوزائیدہ بچوں کی زندگیاں بچانے والی نرس ندا سلیمی کو ایران میں قومی ہیرو کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ ان کے اس مثالی اقدام پر ملک بھر میں انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خاتم الانبیاء ہسپتال پر حملے کے ہنگامی اور پرخطر حالات میں ندا سلیمی نے انتہائی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی شیر خوار بچوں کو بحفاظت منتقل کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ندا سلیمی کی ہمت کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کی بیٹی قرار دیا اور ان کے جذبہ خدمت اور فرض شناسی کی تعریف کی۔ صدر نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج میں نظر آنے والا ان کا اقدام مشکل وقت میں ایرانی عوام کے عزم اور قربانی کی ایک طاقتور عکاسی ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ جو لوگ مصائب کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں اور وطن کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، وہ اعلیٰ ترین پذیرائی کے حقدار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ندا سلیمی کا عمل ذاتی مفادات پر انسانیت اور خود سپردگی کو ترجیح دینے کی بہترین مثال ہے۔
ایرانی صدر نے اس موقع پر نوجوانوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور بحران کے دوران ثابت قدم رہنے والے تمام افراد کی خدمات کو بھی سراہا اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کیا۔
یہ واقعہ ایران میں حب الوطنی، بہادری اور ہمدردی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر معصوم جانوں کو بچانے کے لیے نرس کی غیر معمولی کوششوں پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔
