محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس دوران ملک کے بیشتر دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ کے کچھ علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بارش کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم دیر، چترال، سوات، مالم جبہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، باجوڑ، خیبر، کوہاٹ، پارا چنار، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان، لکی مروت، بنوں اور کرم میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ملتان، فیصل آباد، لاہور، سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد سمیت قریبی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم کوئٹہ، ژوب، زیارت، خضدار اور چمن سمیت گردونواح کے علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔
