محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایل نینو کے اثرات کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ حبس کی شدت کے باعث درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔
اس وقت شہر کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے تاہم ہوا میں نمی کے تناسب کے باعث گرمی 37 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس ہو رہی ہے۔ شہر میں مغرب کی سمت سے ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں معمول سے زیادہ گرمی متوقع ہے اور کراچی سمیت شہری مراکز میں صورتحال زیادہ شدید ہو سکتی ہے۔
