وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منگل کے روز حج ریویو کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزارت کے اعلیٰ حکام نے عازمین حج کے لیے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔
حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ مکہ مکرمہ میں عازمین کی تعداد کے تناسب سے پانچ ڈسپنسریاں قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ حرم تک نقل و حمل کے لیے پانچ بس اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جوائنٹ سیکریٹری حج محمد بخش سانگی نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ چیف کوآرڈینیٹر مکہ ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان اور مکہ و مدینہ میں تعینات حج ڈائریکٹرز نے بذریعہ زوم شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ حج آپریشن کے دوران چوکنا رہیں اور عازمین کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حجاج کرام سعودی عرب میں قیام کے دوران ملکی قوانین کی پاسداری کریں اور پاکستان کے وقار کو بلند رکھیں۔
ڈائریکٹر مدینہ نے کمیٹی کو بتایا کہ منگل تک بیس ہزار سے زائد عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جن میں سے گیارہ ہزار سے زیادہ افراد نے ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کر لی ہے۔
سربراہ پاکستان حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر توقیر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مدینہ منورہ میں اس وقت ایک ہسپتال اور تین ڈسپنسریاں مکمل فعال طریقے سے خدمات فراہم کر رہی ہیں۔
