لاہور میں مزارِ اقبال پر معرکہ حق کی پہلی سالانہ فتح کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مفکرِ پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کو بھی زبردست الفاظ میں سراہا۔
معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے علامہ اقبال کا کلام اور ان کی مشہور دعا لب پہ آتی ہے دعا پڑھ کر حاضرین کے دل موہ لیے۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء نے بھی علامہ اقبال کا کلام پیش کرکے تقریب کے جذبے کو مزید اجاگر کیا۔
تقریب میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرنسپل کینرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ارم، پرو ریکٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر اعجاز اللہ چیمہ، ڈین پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر بصیرہ عنبرین، ڈین لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ریحانہ، ڈین گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر شہزاد حسین، وائس چانسلر سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر محمد نظام اور ڈاکٹر ندیم جعفر سمیت تعلیمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور نظریہ پاکستان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی مفکر پاکستان کے ویژن کی عملی تعبیر ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے افکار آج کی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
