وفاقی آئینی عدالت نے اپنے ملازمین کے الاؤنسز میں پچاس فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے تحت ہوگا۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اس اضافے کی منظوری دی جس کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عدالت کے ملازمین کے جوڈیشل اور یوٹیلیٹی الاؤنسز میں ان کی موجودہ بنیادی تنخواہ کا پچاس فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ یہ نئے الاؤنسز وفاقی آئینی عدالت کے تمام ملازمین پر فوری طور پر لاگو ہوں گے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر معمولی رخصت کے دوران یہ اضافی الاؤنسز قابل قبول نہیں ہوں گے۔
اس اقدام پر اٹھنے والے تمام اخراجات عدالت کے مالی سال 2025-26 کے مختص کردہ بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔
یہ باضابطہ نوٹیفکیشن ایڈیشنل رجسٹرار ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
