محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ملک بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نارووال، لیہ، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال میں بھی طوفانی بارشوں کی توقع ہے۔
شمالی علاقہ جات میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں گلگت، سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بھی بارش کی زد میں رہیں گے جن میں ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، مالم جبہ اور دیر شامل ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ متوقع موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
