-Advertisement-

اسلام آباد ہائی کورٹ: عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر سماعت آج ہوگی

تازہ ترین

عبدالحکیم: ٹرین کی زد میں آکر 19 سالہ نوجوان جاں بحق

ضلع خانیوال کے علاقے عبدالحکیم میں ٹرین کی زد میں آکر انیس سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ اتوار...
-Advertisement-

اسلام آباد ہائی کورٹ آج پیر کے روز سابق وزیراعظم عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کرے گی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کیس کی سماعت کریں گے۔ اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے جبکہ عدالت نے دیگر فریقین کو بھی اپنے جوابات داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سابق وزیراعظم کے وکیل سلمان اکرم راجہ کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔ عدالت نے اس سے قبل سلمان اکرم راجہ کو عمران خان سے مشاورت کے لیے ملاقات کی اجازت دی تھی تاہم عدالتی احکامات کے باوجود یہ ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صاحبزادی مبشرہ خاور مانیکا کی درخواست کو نمبر الاٹ کر دیا ہے اور اس پر سماعت کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کو ذاتی معالج تک رسائی دی جائے اور انہیں اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت فراہم کی جائے۔

رواں برس جنوری میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ہائی کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل سے ہونے والی سوشل میڈیا پوسٹس کے معاملے پر تحقیقات میں تعاون کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ این سی سی آئی اے نے یہ رپورٹ اس درخواست پر سماعت کے دوران جمع کرائی تھی جو غلام مرتضیٰ نامی شہری نے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کروانے کے لیے دائر کی ہے۔

عمران خان ستمبر 2023 سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ وہ سوشل میڈیا بالخصوص ایکس کے ذریعے باقاعدگی سے حکومت اور ریاستی اداروں پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -